گولڈن انگلش ۲ حبیب ریاض سنابلی

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سی آئی ٹی ہال میں منعقد ہوئی “گولڈن انگلشII-” کی رسم اجراء کی تقریب نئی دہلی، 23 اپریل 2024: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سی آئی ٹی ہال میں شعبہ عربی کے زیر اہتمام حبیب ریاض سنابلی کی کتاب “گولڈن انگلش” (انٹرمیڈیٹ لیول) کی تقریب اجراء منعقد ہوئی، جس میں بڑی بڑی شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب میں جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شعبہ عربی کے اساتذہ کرام اور پروفیسران نیز مختلف شعبے کے طلباء اور طالبات شریک تھے۔تقریب کا آغاز ثوبان احمد کی تلاوت سے ہوا۔ اس کے بعد تقریب کی کوآرڈینیٹر صائمہ نذیر نے مہمان خصوصی، صدر مجلس اور تشریف لانے والے معزز مہمانان کا استقبال کیا۔


برادرم محمود عالم، عربی گریجویشن، سال آخر نے کتاب “گولڈن انگلش” کا ایک جامع تعارف پیش کیا نیز “گولڈن انگلش” کو مرتب کرنے کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کتاب کے اہم فوائد اور خصوصیات کی جانب بھی اشارہ کیا، جن میں جامع سبق، سادہ اور آسان زبان، اور انتہائی موثر تربیتی تکنیک شامل ہیں۔مجلس میں معزز مہمانان اور شعبہ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اساتذہ کرام نے کتاب کے ہاتھوں کتاب کا اجراء عمل میں آیا۔ اس کے بعد پروفیسر ایوب احمد ندوی، شعبہ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ، شیخ محمد رحمانی مدنی، صدر مرکز ابو الکلام آزاد اویکننگ سینٹر، نئی دہلی، ماسٹر ثروت صاحب، استاد جامعہ اسلامیہ سنابل، شیخ ارقم رئیس مدنی، عمید جامعہ اسلامیہ سنابل، نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ پروفیسر ایوب احمد ندوی نے کہا کہ سچ میں یہ کتاب بالکل ویسے ہی ہے جیسا میں نے اس کتاب کے مقدمے میں لکھا ہے۔

شیخ محمد رحمانی مدنی نے حبیب ریاض سنابلی کو اس کاوش پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ والد محترم جناب عبد الحمید رحمانی رحمت اللہ نے جو درخت قائم کیا تھا اس کے ثمرات آج بھی مسلسل دیکھنے کو مل رہے ہیں اور ان شاء اللہ ہمیشہ ملتے رہیں گے۔ اپنے خطاب میں ماسٹر ثروت صاحب نے جناب حبیب ریاض سنابلی کی کاوششوں کو خوب سراہا اور اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ ہمیں کتابوں کو محض کمپیوٹر میں رکھنے کے بجائے ہارڈ کاپی (اوراق) میں محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ شیخ ارقم رئیس مدنی نے اس مجلس میں شریک ہونے پر اپنے فخر کا اظہار کرتے ہوئے عربی زبان میں خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران آپ نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کتاب انگریزی زبان کی تعلیم میں معاون ثابت ہوگی۔ اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر نسیم اختر نے مصنف حبیب ریاض سنابلی کو مبارکباد پیش کی۔

نیز جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ عربی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس کامیاب تقریب پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ اس دوران آپ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو اپنے کورس کی کتابوں کو پوری دلجمعی کے ساتھ پڑھنا چاہئے اور ان کو جو کچھ بھی کام دیا جائے اس کو وقت پر کرنا چاہئے۔ اخیر میں نادی الطلبہ، شعبہ عربی کے نائب صدر برادارم ناصر انور نے کلمہ تشکر پیش کیا۔ اس طرح یہ تقریب شام ۵ بجے اختتام پذیر ہوئی۔ واضح رہے کہ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض محترمہ صائمہ نذیر صاحبہ نے ادا کئے۔
TOP 3 UNIVERSITY IN INDIA ?

Spread the love

Leave a Reply